وزیراعظم آزادکشمیر کا سو روزہ پلان کا اعلان، نوجوانوں کو بلاسود قرضے، وظائف دیں گے
Web Desk
27 November 2026
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے سو روزہ پلان کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے سو روزہ پلان سے لے کر پانچ سالہ حکمت عملی تک تمام منصوبے عوام کے سامنے رکھ دیے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو بلاسود قرضے اور طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے۔
مظفرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ عوام کا مستقبل خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہو سکتے، اسی لیے سو روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا، تاہم ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ صرف سرکاری ملازمتوں سے بے روزگاری کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے سرکاری نوکریوں پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق تمام سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی، “اپنا روزگار اسکیم” کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے دیے جائیں گے اور کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیاں ختم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ “ڈسکور اے جے کے” پروگرام کے تحت آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کرایا جائے گا، جس سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کے مطابق تمام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کیا جائے گا، ریاست کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹک شاپس قائم کی جائیں گی، 52 سیاحتی مقامات پر تین سے چھ ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ لیپہ اور سیماری میں ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔
تعلیم و صحت کے حوالے سے افتخار گیلانی نے کہا کہ کوئی باصلاحیت نوجوان وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا؛ لمز، نسٹ، قائداعظم یونیورسٹی اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں اسکالرشپس دیے جائیں گے، جبکہ ملک کی ٹاپ نجی جامعات میں میرٹ پر داخلہ لینے والے مستحق طلبہ کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ “اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام” کے تحت طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، آزاد کشمیر میں پانچ دانش اسکولز اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی جہاں ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائش کی سہولت بھی ملے گی، جبکہ پہلے سو روز میں نواز شریف اسکول آف ایمننس منصوبے پر بھی پیش رفت ہوگی۔
صحت کے شعبے میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر جگہ ہسپتال بنانا ممکن نہیں، اس لیے موبائل ہسپتال آزاد کشمیر کے ہر کونے تک پہنچایا جائے گا؛ صحت سہولت پروگرام کے تحت بھمبر، مظفرآباد، کوٹلی اور راولاکوٹ میں جدید کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی جبکہ باغ میں جدید کارڈیک ہسپتال بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق فالج کے علاج کے لیے کوٹلی، میرپور اور مظفرآباد میں اسٹروک سینٹرز قائم ہوں گے، ضروری ادویات پروگرام کے تحت تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات ہمہ وقت دستیاب ہوں گی جبکہ بی ایچ یوز، آر ایچ سیز اور ٹی ایچ کیوز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ مزید برآں، چھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں “کشمیر ایکسپریس الیکٹرک بس سروس” شروع کی جائے گی اور سفارشی کلچر کے خاتمے کے لیے تمام سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے کے لیے “اے جے کے ون پورٹل” متعارف کرایا جا رہا ہے۔
متعلقہ عنوانات
یونان: 2700 سال پہلے قتل ہوئے افراد کی اجتماعی قبر عوام کے لیے کھول دی گئی
27 November 2026
روس کی نئی جوہری آبدوز پرم بحری بیڑے میں شامل، پوتن نے عالمی سطح کا ہتھیار قرار دے دیا
27 November 2026
رائزنگ سٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کی بنگلا دیش اے کو شکست، فائنل میں انٹری
27 November 2026
آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال
27 November 2026
مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس
27 November 2026
اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
27 November 2026
کراچی عمارت حادثہ، 55 گھنٹے بعد ملبے سے 2 افراد زندہ نکال لیے گئے
27 November 2026
کویت کا ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے مسلسل حملوں پر احتجاج
27 November 2026