مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپسی ناقابلِ معافی ہے، فوری بحال کی جائے: محمود خان اچکزئی و علامہ راجہ ناصر عباس
Web Desk
19 November 2026
قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لینے کے حکومتی فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ معافی قرار دیا ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لینے کا اقدام حکومتی بے حسی، غیر سنجیدگی اور بدترین فسطائیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے اہم قومی و سیاسی رہنما کی سیکیورٹی ختم کرنا حکومت کی انتہائی غیر ذمہ دارانہ روش کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کی رہائش گاہ اور اسلام آباد سے سیکیورٹی اہلکاروں کی واپسی کا فیصلہ نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ ناقابلِ قبول بھی ہے۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود ماضی میں متعدد خودکش حملوں اور قاتلانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے کی کوششوں کا سامنا کر چکے ہیں، ایسے حالات میں دونوں شخصیات کی سیکیورٹی کم کرنے یا واپس لینے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور حکومت کو ادراک ہونا چاہیے کہ ان کی زندگیوں کو درپیش خطرات معمولی نوعیت کے نہیں ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ آخر کس اتھارٹی کے حکم پر اور کن وجوہات کی بنیاد پر مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی اچانک ختم کی گئی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس فیصلے کی وجوہات قوم کے سامنے لائے اور واضح کرے کہ دونوں رہنماؤں کو لاحق سیکیورٹی خدشات کے باوجود یہ قدم کیوں اٹھایا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جان و سلامتی کا معاملہ کسی انتظامی غفلت، سیاسی مصلحت یا حکومتی بے توجہی کی نذر نہیں ہونے دیا جا سکتا۔ انہوں نے حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سابقہ سیکیورٹی فوری طور پر بحال کی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مولانا فضل الرحمان یا مولانا اسعد محمود کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور اس فیصلے کے ذمہ دار متعلقہ حکام جواب دہ ہوں گے، اور حکومت کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکے گی۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ سیاسی و نظریاتی اختلافات اپنی جگہ، تاہم کسی سیاسی و مذہبی رہنما کی جان کو خطرے میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ سیکیورٹی خطرات کا سامنا کرنے والی قومی قیادت کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان میں حکومت سے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے، سیکیورٹی بحال کرنے اور آئندہ ایسے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ مکمل، میڈیکل ٹیم واپس روانہ
19 November 2026
سکھر میں انتخابی دھاندلی کیس، اسسٹنٹ کمشنر کو 2 سال قید، 2 لاکھ جرمانے کی سزا
19 November 2026
افغان فریڈم فرنٹ نے ہبت اللہ اخوندزادہ کی اقتدار میں شراکت کی پیشکش مسترد کر دی
19 November 2026
فلم انڈسٹری کی بحالی، فلم سٹی کے قیام اور پروڈیوسرز کی مالی معاونت پر غور
19 November 2026
دھی رانی پروگرام: خانیوال میں 182 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں
19 November 2026
روس، چین اور امریکا کا سہ فریقی اجلاس سفارت کاری کی تاریخ کا نیا باب ہے، پیوٹن
19 November 2026
کراچی کیلئے مزید 500 بسوں کی منظوری، ریلیوں کی اجازت نہیں دینگے: شرجیل میمن
19 November 2026
بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع، نوٹم جاری
19 November 2026