نئے صوبوں کا قیام اب قومی مطالبہ بن چکا ہے: محمد علی درانی
Web Desk
14 November 2026
سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انتظامی سہولت کے لیے چھوٹے صوبوں کے قیام اور بااختیار مقامی حکومتوں کی ضرورت ایک بڑا سیاسی و آئینی تنازع بن چکی ہے، اور اس وقت بڑے حکمران اور چھوٹے صوبوں کے خواہشمند طبقات عملی طور پر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی جو تحریک انہوں نے برسوں قبل بہاولپور سے شروع کی تھی، وہ آج پورے ملک کا ایک متفقہ قومی مطالبہ بن چکی ہے۔
اپنے تفصیلی بیان میں محمد علی درانی نے کہا کہ بہاولپور کی سرزمین پر نہ تو لسانی نفرتیں ہیں اور نہ ہی کوئی بڑی جاگیرداری نظام قائم ہے، یہاں مقامی ریاستی باشندوں کے ساتھ ساتھ قیامِ پاکستان کے وقت بھارت سے ہجرت کر کے آنے والے لاکھوں افراد بھی باہمی ہم آہنگی کے ساتھ آباد ہوئے۔ انہوں نے تاریخی حقائق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ صرف چار صوبوں نے مل کر پاکستان بنایا، حالانکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ ریاستِ بہاولپور اور ریاستِ خیرپور نے بھی قیامِ پاکستان اور ملکی استحکام میں بنیادی و کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہاولپور صوبے کی بحالی کے ساتھ ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی تحریک اس بنیادی سوچ کے تحت شروع کی تھی کہ پاکستان میں محنت کش مڈل کلاس کے باصلاحیت نوجوان آگے آ کر ملک کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔
سندھ اسمبلی کی حالیہ کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ انہیں سندھ اسمبلی کے ارکان کی تقاریر سن کر شدید دکھ ہوا، کیا ایوانوں میں بیٹھے لوگوں پر دباؤ ڈال کر آئینِ پاکستان کا راستہ روکا جا سکتا ہے؟ ان کے بقول سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر کے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ ملک کے دیگر محروم علاقوں میں بھی اس آئینی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئین کا راستہ روکنے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل تین صوبوں کی اسمبلیاں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں قراردادیں منظور کر چکی ہیں، جبکہ آج ملک کی بیوروکریسی، دانشور طبقہ اور دیگر تمام مکاتبِ فکر بھی نئے صوبوں کے قیام کی ناگزیریت پر بات کر رہے ہیں۔
اٹھارویں آئینی ترمیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ دراصل یہ ترمیم تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کی آئینی پابندی ختم کرنے اور صوبہ خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے جیسے مخصوص مقاصد کے لیے منظور کی گئی تھی، جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کا مالی وسائل میں حصہ بڑھا کر 57 فیصد تک کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم کی منظوری کے وقت بھی انہوں نے پارلیمنٹ میں یہ بنیادی سوال اٹھایا تھا کہ یہ کھربوں روپے کے وسائل صوبوں کے عوام کو دیے جا رہے ہیں یا صرف وزرائے اعلیٰ کی ذات کو؟ 2010ء سے لے کر آج تک وہ مسلسل یہ آواز اٹھا رہے ہیں کہ صوبوں کو ملنے والا یہ خطیر پیسہ عام آدمی کی فلاح و بہبود پر آخر کیوں خرچ نہیں ہو سکا۔
سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے واحد رکن تھے جنہوں نے اٹھارویں ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا، اور آج حالات یہ ہیں کہ اٹھارویں ترمیم سے پہلے ہم صرف لٹے ہوئے تھے، مگر اب مکمل طور پر لٹ پٹ گئے ہیں۔
آخر میں حکمران اشرافیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چند مخصوص خاندانوں نے اس ملک پر طویل عرصے تک حکمرانی کی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج ملک میں اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جبکہ دوسری طرف نمود و نمائش کے لیے بنائے گئے دانش سکولوں میں ایک بچے پر اتنا خطیر بجٹ خرچ کیا جا رہا ہے جس سے عام سرکاری سکولوں کے 100 غریب بچوں کو باآسانی تعلیم دی جا سکتی ہے۔
متعلقہ عنوانات
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا
14 November 2026
سربراہ پاک فضائیہ کا ازبکستان کا دورہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
14 November 2026
لاہور ہائیکورٹ کی صوبائی جوڈیشل کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو طلب
14 November 2026
پنجاب حکومت کے گلف سٹریم طیارے کا آپریشنل کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد
14 November 2026
نئے صوبوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہونی چاہئے: سلمان اکرم راجہ
14 November 2026
پاکستانی نژاد امریکی سماجی رہنما محمد سعید شیخ کو 45 سالہ انسانی خدمات کے اعتراف میں ’گلوبل سٹیزن ایوارڈ‘ سے نواز دیا گیا
14 November 2026
شہباز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
14 November 2026
انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ: بھارت نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد ٹائٹل جیت لیا
14 November 2026