21 مسلم ممالک نے اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا مسترد کر دیا
Web Desk
28 December 2025
پاکستان، سعودی عرب، ایران، ترکیہ سمیت 21 سے زائد مسلم ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ سے جاری مشترکہ اعلامیے میں اردن، مصر، الجزائر، قطر، کویت، نائیجیریا، فلسطین اور دیگر مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے اس فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ 26 دسمبر 2025 کو اسرائیل کی جانب سے اٹھایا جانے والا یہ غیر معمولی قدم ہارن آف افریقہ اور بحیرۂ احمر کے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔
مشترکہ بیان میں اسرائیلی اقدام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ کسی خودمختار ملک کے حصے کو علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے مطابق یہ عمل ریاستوں کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے عالمی اصولوں کے منافی ہے اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
اعلامیے میں وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی وحدت اور اس کے تمام علاقوں پر مکمل حاکمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا اور صومالیہ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو عالمی امن کے لیے خطرناک مثال قرار دیا گیا۔
بیان میں فلسطین کے تناظر میں بھی اسرائیلی اقدام پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس امکان کو یکسر مسترد کر دیا گیا کہ ایسے اقدامات فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی کوشش سے جڑے ہو سکتے ہیں۔ مسلم ممالک نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس مشاورت کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مسلم امہ صومالیہ کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی بالادستی کے لیے متحد ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالی لینڈ کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال ایسی کسی تجویز کی حمایت نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ امریکا کا قریبی اتحادی اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
متعلقہ عنوانات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کا کانسرٹ منسوخ کردیا
31 May 2026
پیپلز پارٹی نے گورنر سندھ کو غیر قانونی معاملات میں رکاوٹ پر ہٹایا: فاروق ستار
31 May 2026
آئی ایم ایف کا جی ایس ٹی 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے کا مطالبہ
31 May 2026
حجاج کی وطن واپسی کا آغاز، لاہور کے لیے پہلی پرواز 159 حجاج کو لے کر پہنچ گئی
31 May 2026
گلگت بلتستان انتخابات، پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے
31 May 2026
پہلا ون ڈے، پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے ہرا دیا
30 May 2026
نیویارک حراستی مرکز کے باہر مظاہرے، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، آنسو گیس کا استعمال
30 May 2026
امریکا: میساچوسٹس کے تعلیمی اداروں میں ریچھ داخل، طلبہ کلاس رومز تک محدود رہے
30 May 2026