امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا مبارکباد کا پیغام، روایتی سازوں پر تیار کردہ امریکی قومی ترانے کا منفرد تحفہ پیش
Web Desk
5 July 2026
ریاست ہائے متحدہ امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے تاریخی اور پرمسرت موقع پر امریکا میں تعینات سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے حکومت اور عوام کی جانب سے امریکی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی تاریخ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے ثابت قدمی، جدت اور عزم سے عبارت ہے، اور پاکستان کا قیام بھی آزادی و جمہوریت کی انہی اعلیٰ مشترک اقدار کے تحت معرضِ وجود میں آیا تھا۔
سفیرِ پاکستان نے پاک امریکا تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط گزشتہ آٹھ دہائیوں سے متعدد آزمائشوں پر پورے اترے ہیں اور یہ شراکت داری نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی سطح پر ہمیشہ نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ملکوں میں شمار ہونے والے پاکستان اور امریکا کی اعلیٰ قیادت کے درمیان حالیہ کثرتِ روابط اور مختلف امور پر یکساں نقطہ نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو دونوں ممالک کے درخشاں مستقبل کا عکاس ہے۔ رضوان سعید شیخ نے دیرپا شراکت داری کے لیے معدنیات، توانائی، آئی ٹی اور زراعت جیسے اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری اور تجارت پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس تاریخی موقع پر سفیرِ پاکستان نے امریکی حکومت اور عوام کے لیے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک شاندار اور منفرد تحفہ بھی پیش کیا۔ نامور موسیقار سراج نارسی اور ان کی ٹیم کی جانب سے پاکستانی روایتی سازوں پر مرتب کردہ امریکی قومی ترانے کی دھن تحفتاً پیش کی گئی۔ سفیرِ پاکستان نے اس شاندار کاوش پر سراج نارسی اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روایتی سازوں پر تیار کردہ یہ ترانہ پاک امریکا تعلقات کے ماضی، حال اور درخشاں مستقبل کا آئینہ دار ہے اور یہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے خلوص کا مظہر ہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں رضوان سعید شیخ نے معاشی اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے متحرک کردار کو سراہا۔ انہوں نے امریکا کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈالنے اور دونوں ممالک کے مابین ایک مضبوط سفارتی پل کا کردار ادا کرنے پر پاکستانی امریکیوں کی خدمات کی تعریف کی اور انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔
متعلقہ عنوانات
گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کی چوری ادویات گودام سے برآمد، 4 افسران و اہلکار معطل
16 August 2026
آزاد کشمیر میں انتخابی عمل مکمل، ن لیگ 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست
16 August 2026
آزاد کشمیر میں عوام نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو مسترد کر دیا: مریم نواز
16 August 2026
آزاد کشمیر الیکشن: ایل اے 16 میں مسلم لیگ (ن)، ایل اے 15 میں پیپلز پارٹی کامیاب
16 August 2026
بھارتی فوج کی جانب سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت، گٹھ جوڑ دوبارہ بے نقاب
16 August 2026
حزب اللہ کمانڈر کی شہادت کے بعد امریکا سے مذاکرات معطل کر دیے: باقر قالیباف
16 August 2026
تیل کی قیمتیں کم رکھنا امریکا کی پہلی ، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنا دوسری ترجیح ہے: جے ڈی وینس
15 August 2026
انڈونیشیا میں زلزلے سے جانی نقصان پر وزیراعظم کا اظہار افسوس
15 August 2026