کراچی میں بارشیں 584 مخدوش رہائشی عمارتوں کو خالی کرانے کا فیصلہ
Web Desk
1 July 2026
شہرِ قائد کے باسیوں کو مون سون کی ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران کسی بھی بڑے حادثے یا نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے انتظامیہ نے شہر بھر کی مخدوش اور خستہ حال عمارتوں کو فوری طور پر خالی کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بارشوں کے دوران شہر کی انتظامی صورتحال پر قابو پانے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے شہر کی انتہائی مخدوش رہائشی عمارتوں کو فی الفور خالی کرایا جائے۔
اجلاس کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے حکام نے کمشنر کراچی کو شہر کی خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی بھر میں اس وقت 584 مخدوش عمارتیں موجود ہیں، جن میں سے 59 عمارتیں انتہائی مخدوش اور خطرناک حالت میں ہیں اور ان میں 29 تاریخی (Heritage) عمارتیں بھی شامل ہیں۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ان عمارتوں کو خالی کرانے کے لیے فوری طور پر قانونی نوٹسز جاری کیے جائیں اور مکینوں کی باقاعدہ آگاہی کے لیے ان نوٹسز کو اخبارات و دیگر ذرائع سے مشتہر بھی کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔
بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ کراچی کی مخدوش عمارتوں میں سے 90 فیصد سے زائد عمارتیں صرف ضلع جنوبی (ڈسٹرکٹ ساؤتھ) میں واقع ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ضلع جنوبی میں 442 مخدوش عمارتیں، ضلع وسطی میں 73 مخدوش عمارتیں، ضلع کیماڑی میں 28 مخدوش عمارتیں، ضلع کورنگی میں 18 مخدوش عمارتیں، ضلع شرقی میں16 مخدوش عمارتیں، ضلع ملیر میں 5 مخدوش عمارتیں اور ضلع غربی میں 2 مخدوش عمارتیں موجود ہیں
کمشنر کراچی نے ایس بی سی اے کو حکم دیا کہ وہ انتہائی خطرناک عمارتوں کی فہرست فوری طور پر تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز (DCs) کو فراہم کریں۔ اجلاس میں یہ سخت فیصلہ بھی کیا گیا کہ ان عمارتوں کو ان کی مخدوش نوعیت کے لحاظ سے مرحلہ وار منہدم (Demolish) کیا جائے گا، جبکہ سرکاری نوٹسز پر عمل درآمد نہ کرنے اور عمارتیں خالی نہ کرنے کی صورت میں ان مخدوش عمارتوں کے بجلی، گیس اور پانی کے کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیے جائیں گے۔
متعلقہ عنوانات
سپریم لیڈر نے امریکہ کیساتھ مذاکرات پر کوئی پابندی عائد نہیں کی، ایرانی صدر
1 July 2026
ایران کسی بھی نقصان زدہ جوہری تنصیب کا بین الاقوامی معائنہ نہیں ہونے دے گا، قالیباف
1 July 2026
دوحہ: ایران امریکہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت، فریقین کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق
1 July 2026
بیلجیم میں 10 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 5 افراد جھلس کر ہلاک
1 July 2026
کیٹ میڈلٹن نے 24 گھنٹوں میں برطانیہ کی تین بلند ترین چوٹیاں سر کرلیں
1 July 2026
چیٹ جی پی ٹی کو امریکی شہری نے عدالت میں گھسیٹ لیا، سنگین الزمات
1 July 2026
جنوبی لبنان کے ضلع بنت جبیل، رشاف قصبے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں
1 July 2026
کینیا اسکول کی 8 لڑکیوں پر ساتھی طالبات کے قتل کے الزام میں فرد جرم عائد
1 July 2026