امریکا میں فضائی بحران برقرار، 6 ہزار پروازیں منسوخ، ساڑھے 7 ہزار تاخیر کا شکار
Web Desk
15 November 2026
امریکا میں فضائی سفر کا سنگین بحران دوسرے روز بھی تسلسل کے ساتھ برقرار رہا ہے، اور اگرچہ ملک کی فضائی حدود مکمل طور پر کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی کا سلسلہ بھی بحال ہو چکا ہے، تاہم بڑی ایئرلائنز تاحال اپنا معمول کا فلائٹ شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت ملک کے تمام بڑے اور مصروف ترین ائیرپورٹس پر ہزاروں مسافر اپنی منزلوں کی جانب روانگی کے لیے طویل انتظار پر مجبور ہیں۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ امریکہ آنے والی اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ 7 ہزار 542 پروازیں شدید تاخیر کا شکار رہیں۔ یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (FAA) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی صبح کی اس پیش گوئی سے بھی کہیں زیادہ ہے جس میں انہوں نے آج کی کل 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا تخمینہ لگایا تھا۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں آج 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن کی اکثریت کا تعلق امریکی فضائی حدود سے تھا۔
بڑی فضائی کمپنیوں میں ’جیٹ بلیو‘ سب سے زیادہ بُری طرح متاثر ہوئی، جس کی تقریبا 45 فیصد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کیں۔ تاہم، مسافروں کو ریلیف دینے کے لیے ایئرلائنز نے متاثرہ مسافروں کو بغیر کسی اضافی فیس کے سفری تاریخیں تبدیل کرنے کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔
مختلف ایئرپورٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو شکاگو کا اوہیئر ائیرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو کے ہی مڈوے ائیرپورٹ پر 68 پروازیں رد کی گئیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ائیرپورٹ پر، جو کہ ڈیلٹا ایئرلائنز کا سب سے بڑا مرکز ہے، دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک 479 پروازیں منسوخ ہوئیں، ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ ائیرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہوئیں اور کئی مسافروں کو مجبوراََ اپنی رات ائیرپورٹ کے لاؤنجز میں گزارنا پڑی۔ اسی طرح ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ائیرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے کھلی ہیں اور روانگیاں محفوظ طریقے سے جاری ہیں، تاہم مسافروں کو مزید منسوخیوں اور تاخیر کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے۔ ایئرلائنز کو اس وقت طیاروں اور فضائی عملے کو ان کے مقررہ ائیرپورٹس تک دوبارہ پہنچانے اور مسافروں کی ری بکنگ کے عمل میں شدید انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔ ہوائی اڈوں کے حکام کو توقع ہے کہ حالات جلد معمول پر آ جائیں گے اور آج رات تک ایئرلائنز اپنا مکمل شیڈول بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔
متعلقہ عنوانات
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا
15 November 2026
امریکا کی مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت
15 November 2026
نیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل
15 November 2026
دہشت گردی کا جرم ثابت، سعودی عرب میں 2 افراد کو سزائے موت دے دی گئی
15 November 2026
یوکرین پر غیر منصفانہ امن معاہدہ مسلط کرنے کی کوشش نئی جنگ کا سبب بن سکتی ہے، میکرون
15 November 2026
یوکرین کی نیٹو رکنیت کے بدلے ڈونباس سے دستبرداری کی امریکی تجویز، زیلنسکی کا بڑا انکشاف
15 November 2026
فورک لفٹ مشینیں اسرائیلی فوج کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف، جاپانی کمپنی نے تحقیقات شروع کر دیں
15 November 2026
غزہ میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی تنظیموں کو فوری رسائی دی جائے، یورپی یونین
15 November 2026