پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھا رہا ہے، گورنر خیبر پختونخوا
Web Desk
18 September 2026
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پٹرولیم لیوی میں فوری کمی کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلسل مہنگائی نے عام شہریوں کی زندگی دشوار بنا دی ہے۔ انہوں نے حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تضاد پر بات کرتے ہوئے مریم نواز کے حالیہ بیانات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف عوام سے قربانی مانگی جا رہی ہے تو دوسری جانب سرکاری وسائل کا آزادانہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے آئینی و معاشی حقوق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کو سب سے زیادہ تیل اور گیس فراہم کرتا ہے، جبکہ صوبے کے حصے کا پانی بھی پنجاب استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا کا غیور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے صوبے کی عوام کے خلاف غیر محتاط بیان بازی نیشنل کاز کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بدامنی اور بے روزگاری کے سنگین مسائل موجود ہیں اور صوبائی حکومت کو احتجاج سے قبل اپنے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
نئے صوبوں کے قیام اور سیاسی بحران کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبے چاہیں تو نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے، تاہم پارلیمنٹ کی موجودگی میں ریفرنڈم کی بات غیر آئینی ہے کیونکہ جمہوری نظام میں تمام فیصلوں کا اختیار صرف پارلیمان کے پاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا پُرامن احتجاج ان کا آئینی حق ہے، لیکن تمام مسائل کا حل دھرنوں اور لانگ مارچ کے بجائے صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی عدالتوں کے ذریعے ہو گی اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی پیش قدمی اسلام آباد نہیں پہنچ سکے گی۔
متعلقہ عنوانات
امریکا میں فضائی بحران برقرار، 6 ہزار پروازیں منسوخ، ساڑھے 7 ہزار تاخیر کا شکار
15 November 2026
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا
15 November 2026
امریکا کی مشرق وسطیٰ میں اپنے شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت
15 November 2026
نیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل
15 November 2026
دہشت گردی کا جرم ثابت، سعودی عرب میں 2 افراد کو سزائے موت دے دی گئی
15 November 2026
یوکرین پر غیر منصفانہ امن معاہدہ مسلط کرنے کی کوشش نئی جنگ کا سبب بن سکتی ہے، میکرون
15 November 2026
یوکرین کی نیٹو رکنیت کے بدلے ڈونباس سے دستبرداری کی امریکی تجویز، زیلنسکی کا بڑا انکشاف
15 November 2026
فورک لفٹ مشینیں اسرائیلی فوج کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف، جاپانی کمپنی نے تحقیقات شروع کر دیں
15 November 2026