جلد کے کینسر کا علاج کرنے والی دوا آخری مرحلے میں کامیاب
Web Desk
20 August 2026
نیویارک: امریکی دوا ساز کمپنیوں ‘مرک’ (Merck) اور ‘موڈرنا’ (Moderna) نے کینسر کے علاج کی دنیا میں ایک بڑی تاریخی پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مشترکہ تیار کردہ ایم آر این اے (mRNA) پر مبنی دوا نے کلینیکل ٹرائلز کے آخری اور بڑے مرحلے میں میلانوما (جلد کے کینسر) کی دوبارہ افزائش کو روکنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس بریک تھرو خبر کے منظرِ عام پر آتے ہی وال سٹریٹ پر موڈرنا کے حصص 145 فیصد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 154 ڈالر پر پہنچ گئے، جبکہ مرک کے شیئرز میں بھی 12 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔ ‘انٹِسمیران آٹو جین’ (Intismeran Autogene) نامی یہ جدید دوا اسی میسنجر آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جس کا استعمال کووڈ 19 کی ویکسینز بنانے میں کیا گیا تھا۔ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایم آر این اے تکنیک پر مبنی کسی کینسر ویکسین نے آخری مرحلے کے تجربات میں اتنے واضح اور مثبت نتائج فراہم کیے ہیں۔
موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) سٹیفان بانسل نے نتائج کو ایم آر این اے سائنس اور کینسر کے مریضوں کے لیے ایک غیر معمولی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ایک سال تک جاری رہنے والے اس ٹرائل میں 1100 سے زائد ایسے مریض شامل تھے جن کے ٹیومر سرجری کے ذریعے نکالے جا چکے تھے۔ مریضوں کو مختلف گروپس میں تقسیم کر کے دو تہائی کو موجودہ معیاری علاج ‘پیمبرولیزوماب’ کے ساتھ نئی ایم آر این اے دوا دی گئی، جبکہ دیگر کو صرف روایتی دوا فراہم کی گئی۔
یہ علاج مریض کے ٹیومر کا نمونہ لے کر اس کے منفرد جینیاتی فنگر پرنٹ کی نشاندہی کرتا ہے اور ایم آر این اے کے ذریعے مخصوص مدافعتی ردِعمل (Immune Response) تیار کرتا ہے۔ بین الاقوامی آنکولوجسٹس اور طبی ماہرین نے ان نتائج کو کینسر امیونو تھراپی کے میدان میں ایک نیا انقلاب قرار دیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ جلد اپنا مکمل ڈیٹا عالمی طبی کانفرنس میں پیش کر کے عالمی ریگولیٹری اداروں سے دوا کی منظوری کے لیے درخواستیں جمع کرائیں گی۔
متعلقہ عنوانات
ایڑی کا درد نظر انداز نہ کریں، کن علامات پر ڈاکٹر سے رجوع ضروری ہے؟
4 October 2026
وزن میں کمی کے دوران جسم کی زائد چربی کہاں جاتی ہے، حیران کُن جواب
4 October 2026
دوا فروخت کرنے کیلئے ڈاکٹر بھی لائسنس کا پابند ہے، وفاقی آئینی عدالت
3 October 2026
پاکستان میں 3 کروڑ 20 لاکھ افراد کو ذہنی صحت کی نگہداشت کی ضرورت : ڈاکٹر مختار برتھ
2 October 2026
لوئر دیر میں پُراسرار بیماری سے 7 افراد جاں بحق، درجنوں بچے زیر علاج
1 October 2026
پاکستان میں نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی 2026-2035 کا اجرا
1 October 2026
وقت آگیا کہ دنیا جان لے’پنک سالٹ‘ کس کا خزانہ ہے: مریم نواز
1 October 2026
لانگ مارچ سے کبھی کوئی فائدہ ہوا اور نہ آئندہ ہوگا، مصطفی کمال
1 October 2026