مصنوعی مٹھاس سے فالج کا خطرہ، نئی تحقیق میں دماغی خلیوں کے نقصان کا خدشہ
Web Desk
18 September 2026
مصنوعی مٹھاس (Artificial Sweetener) کے طور پر وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے کیمیائی مرکب ‘اسپرٹیم’ (Aspartame) کے حوالے سے ایک نئی طبی تحقیق نے فالج کے دوران دماغی بافتوں کو پہنچنے والے شدید نقصان سے متعلق اہم اور تشویشناک سوالات اٹھا دیے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسپرٹیم کا استعمال فالج کی صورت میں دماغی خلیوں کی موت اور معذوری کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے، تاہم طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ ان نتائج کی انسانوں پر حتمی تصدیق کے لیے مزید وسیع تجربات کی ضرورت ہے۔ اسپرٹیم عام طور پر ڈائٹ اور زیرو شوگر کولڈ ڈرنکس، شوگر فری چیونگ گم اور کم کیلوریز والی مٹھائیوں میں کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔
لیبارٹری میں چوہوں پر کی گئی اس تحقیق کے دوران ایک ہفتے تک اسپرٹیم ملا پانی پلانے کے بعد ان میں ‘اسکیمک فالج’ (Ischemic Stroke) جیسی کیفیت پیدا کی گئی۔ نتائج کے مطابق جن چوہوں کو اسپرٹیم نہیں دیا گیا تھا ان کے دماغی بافتوں (Brain Tissues) کا مردہ رقبہ تقریباً ۲۴.۳ فیصد رہا، جبکہ زیادہ مقدار میں اسپرٹیم کا استعمال کرنے والے چوہوں میں یہ شرح تشویشناک حد تک بڑھ کر ۵۸.۶ فیصد تک جا پہنچی۔ اسپرٹیم کے باعث خاص طور پر ‘سیریبرل کارٹیکس’ اور ‘ہپپو کیمپس’ میں خلیوں کی وسیع پیمانے پر ہلاکت دیکھی گئی، جو کہ انسانوں میں بھی سوچنے، سیکھنے اور یادداشت جیسے اہم افعال انجام دیتے ہیں۔
تحقیق کے دیگر تفصیلی تجربات کے دوران انسانی اور جانوروں کے دماغی خلیوں میں توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت ۲۵ فیصد تک کم پائی گئی۔ محققین کے مطابق اسپرٹیم خلیوں کے توانائی مرکز ‘مائٹوکونڈریا’ (Mitochondria) کو نقصان پہنچاتا ہے اور اندرونی آکسیڈیٹو اسٹریس میں اضافہ کرتا ہے۔ علاوہ ازیں، ٹیسٹ کے دوران دیگر دو مصنوعی سویٹنرز ‘سکرالوز’ (Sucralose) اور ‘ایسیسلفیم پوٹاشیم’ کا بھی جائزہ لیا گیا لیکن ان میں اسپرٹیم جیسا زہریلا اثر سامنے نہیں آیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق عام حالات میں اسپرٹیم کے نقصان دہ ہونے کا براہِ راست ثبوت نہیں، بلکہ اس کا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ فالج کے دوران آکسیجن کی شدید کمی میں یہ مرکب مزید کتنا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
متعلقہ عنوانات
موسیقی ذہنی دباؤ سے بحالی میں مددگار قرار، تحقیق
18 September 2026
پاکستان میں ہیگزویلنٹ ویکسین متعارف کروانے کی منظوری دے دی گئی
18 September 2026
ایم ڈی کیٹ 2026: امتحانی پرچے سخت سکیورٹی میں 14 شہروں کیلئے روانہ
18 September 2026
مصنوعی مٹھاس سے فالج کا خطرہ، نئی تحقیق میں دماغی خلیوں کے نقصان کا خدشہ
18 September 2026
ادویات کنٹینرز روکنے کی خبر پر محسن نقوی کا نوٹس، فوری ریلیز کا حکم
17 September 2026
پمز ہسپتال کی آتشزدگی میں زندہ بچ جانے والی نومولود بچی انتقال کر گئی
17 September 2026
جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والوں میں نایاب بیماری کا انکشاف
17 September 2026
خیبر پختونخوا صحت پروگرام میں سی سیکشن کی شرح 47 فیصد سے تجاوز کرگئی
17 September 2026